ایران کا جوابی وار؛ کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل و ڈرون حملے
ایران نے اردن، بحرین اور کویت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا
تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خطے میں امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے اردن، بحرین اور کویت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق اردن کی پرنس حسن ایئر بیس پر میزائل ذخیرہ گاہ اور ایندھن کے ٹینکوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ بحرین کی شیخ عیسیٰ ایئر بیس میں امریکی فوج کے ڈرون کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر بھی حملہ کیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق کویت کی علی السالم ایئر بیس پر پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ احمد الجابر ایئر بیس میں ایک ایف پی ایس ریڈار سسٹم پر بھی حملہ کیا گیا۔
قبل ازیں امریکی فوج نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں متعدد زور دار دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی اور شہری بحری جہازوں کو درپیش مبینہ خطرات کا سدباب کرنا ہے۔
امریکی افواج نے ایران کی ان عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا ہے جنہیں واشنگٹن آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے لیے خطرہ قرار دیتا ہے۔
