وفاقی بجٹ 2026-27 آج پیش ہوگا؛ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی توقع
مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا
اسلام آباد: وفاقی حکومت مالی سال 2026-27 کا بجٹ آج پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش کرے گی جس کا مجموعی حجم 17,500 سے 18,000 ارب روپے کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔
بجٹ پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے۔ ٹیکس محصولات کا ہدف 15,267 ارب روپے مقرر کیے جانے کی توقع ہے جبکہ قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 7,824 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق دفاعی اخراجات کے لیے تقریباً 3,000 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
اس کے علاوہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1,727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ برآمدات کا ہدف 32.8 ارب ڈالر اور درآمدات کا ہدف 70 ارب ڈالر رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں کوئی بڑا نیا ترقیاتی منصوبہ شامل نہیں کیا جائے گا، البتہ پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا جبکہ سابق فاٹا کے لیے دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔