ایران نے اسرائیل کے خلاف فوجی کارروائیاں روک دیں، خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز

ایران نے اسرائیل کے خلاف فوجی کارروائیاں روک دیں، خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز

ایرانی کارروائیوں نے اپنے اہداف حاصل کیے اور اسرائیل کو واضح پیغام پہنچای

ایران نے اسرائیل کے خلاف جاری عسکری کارروائیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئی اشتعال انگیزی یا حملے کی صورت میں سخت اور فوری جواب دیا جائے گا۔

ایرانی فوج کے مرکزی کمانڈ مرکز خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حالیہ کارروائیاں جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں کی گئی تھیں۔ ایران کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات کا مقصد لبنانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی کارروائیوں کا جواب دینا تھا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی کارروائیوں نے اپنے اہداف حاصل کیے اور اسرائیل کو واضح پیغام پہنچایا۔ حکام کے مطابق موجودہ صورتحال میں مزید حملے نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کسی بھی کوشش کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ اگر اسرائیل نے دوبارہ جارحانہ اقدامات کیے تو ایران کا ردعمل پہلے سے زیادہ سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے ایران اور اسرائیل دونوں پر زور دیا تھا کہ وہ فوری طور پر ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں بند کریں اور کشیدگی میں کمی لائیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے شمالی اسرائیل میں واقع نیوتم اور تل نوف فضائی اڈوں پر بیلسٹک میزائل حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ایران کا کہنا ہے کہ 8 اپریل کو ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کی روح یہ تھی کہ تمام محاذوں پر تناؤ کم کیا جائے لیکن لبنان میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار تمام فریقوں کی جانب سے تحمل اور جنگ بندی کی پاسداری پر ہے۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے صدر نے کمال اسحاق المعظمی کو ابوظہبی کے محکمہ خزانہ کا انڈر سیکرٹری مقرر کر دیا

دہلی ایئرپورٹ پر کھڑے مسافر طیارے بھی طوفان سے بچ نہ سکے، ویڈیو وائرل

فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی کے حیران کن راز جو آج تک کسی کو نہیں معلوم