قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کی صحت کے حوالے سے بُری خبر سامنے آ گئی
ڈاکٹروں نے پی سی بی میڈیکل ٹیم کے مشورے سے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا
قومی کرکٹر معاذ صداقت اپنڈکس کے کامیاب آپریشن کے بعد کم از کم دو ہفتوں کے لیے کرکٹ سرگرمیوں سے باہر ہو گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق معاذ صداقت کا لاہور کے مقامی اسپتال میں لیپروسکوپک اپینڈیکٹومی آپریشن کیا گیا جو کامیابی سے مکمل ہوا۔ ان کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاذ صداقت نے ہفتہ کی رات ایبٹ آباد اسکواڈ کے ساتھ باقاعدہ ٹریننگ میں حصہ لیا تھا تاہم اتوار کی صبح انہیں پیٹ کے نچلے حصے میں شدید درد کی شکایت ہوئی، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹروں نے پی سی بی میڈیکل ٹیم کے مشورے سے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا جس کے بعد کرکٹر کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل سے بھی باہر ہونا پڑا۔
معاذ صداقت حالیہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اوپننگ بھی کر چکے ہیں اور انہیں 15 جون سے شروع ہونے والے وائٹ بال کیمپ کے لیے بھی منتخب کیا گیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق مکمل صحتیابی اور میڈیکل کلیئرنس کے بعد معاذ صداقت دوبارہ قومی وائٹ بال کیمپ کو جوائن کریں گے۔
