ٹیلر سوئفٹ کی شادی کہاں ہوگی؟ مداحوں کے لیے بڑی خبر
جوڑی 3 جولائی کو نیویارک سٹی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتی ہے
عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی متوقع شادی سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑی 3 جولائی کو نیویارک سٹی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتی ہے۔
باخبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تقریب مین ہیٹن کے وسطی علاقے میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے تاہم حتمی مقام کو تاحال خفیہ رکھا گیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ”مڈل آف مین ہیٹن“ کی اصطلاح ممکنہ طور پر شہر کے معروف مقامات جیسے روکفیلر سینٹر، ریڈیو سٹی میوزک ہال، سینٹرل پارک یا نیویارک پبلک لائبریری کی جانب اشارہ کر سکتی ہے۔
ٹیلر سوئفٹ نے اپنے قریبی دوستوں کو ”سیو دی ڈیٹ“ پیغامات ارسال کیے ہیں تاہم ابتدائی طور پر انہیں تقریب کے مقام کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔ بعض مہمانوں کو مبینہ طور پر ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے معلومات دی گئی ہیں جبکہ باضابطہ دعوت ناموں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی تھیں کہ شادی نیویارک کے بجائے روہڈ آئی لینڈ میں منعقد ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے گزشتہ سال اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، دونوں کی محبت کی کہانی عالمی سطح پر مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور ان کی ممکنہ شادی بھی سوشل میڈیا پر مسلسل زیرِ بحث ہے۔
تاہم اب تک دونوں شخصیات کی جانب سے شادی کی تاریخ یا مقام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔