ایران کے پاس صرف 21 سے 22 فیصد میزائل باقی ہیں، ٹرمپ کا دعویٰ
ایران نے کسی جنگ بندی معاہدے پر اتفاق نہیں کیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس اب صرف 21 سے 22 فیصد میزائل باقی رہ گئے ہیں اور بالآخر تہران کے پاس معاہدہ کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
این بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران ایسی صورتحال سے دوچار ہوگا جس کے نتیجے میں اسے ایسے اقدامات کرنا پڑیں گے جن کا اس نے پہلے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنگوں اور تنازعات کے حل میں وقت لگتا ہے اور ایسے معاملات فوری طور پر طے نہیں ہوتے۔
جنگ بندی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران نے کسی جنگ بندی معاہدے پر اتفاق نہیں کیا، ایران نے اس لیے اتفاق نہیں کیا کیونکہ وہ خود کو ایک طاقتور اور باوقار ملک سمجھتا ہے۔
ٹرمپ نے داخلی سیاست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھتا تو کوئی یہ سوال نہ کرتا کہ جنگ کب جیتی جائے گی۔