ثاقب چدھڑ پر مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج
اداکارہ کی بہن نے مبینہ دھمکیوں سے متعلق ویڈیوز این سی سی آئی اے کو فراہم کردیں
لاہور: پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں شکایت کنندہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ اور دیگر افراد نے مبینہ طور پر بلیک میلنگ اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ انہوں نے شادی نہ کرنے کی صورت میں نجی معلومات اور ڈیٹا منظر عام پر لانے کی دھمکی دی۔
شکایت کے مطابق اداکارہ کی بہن نے مبینہ دھمکیوں سے متعلق ویڈیوز نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو فراہم کر دی ہیں۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ویڈیوز اور موبائل فون کو ڈیجیٹل شواہد کے طور پر تحویل میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ثاقب چدھڑ کے زیر استعمال نمبر سے دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے۔
واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے چند روز قبل ثاقب چدھڑ کے خلاف این سی سی آئی اے میں باقاعدہ شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔