لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا، امریکا کا اعلان
واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے دوران دونوں فریقوں نے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کردی
امریکا نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے دوران دونوں فریقوں نے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کا نفاذ اس شرط سے مشروط ہوگا کہ حزب اللہ مکمل طور پر فائرنگ بند کرے اور جنوبی لِیطانی سیکٹر سے اپنے تمام جنگجوؤں کا انخلا یقینی بنائے۔
فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ مخصوص پائلٹ زونز قائم کیے جائیں گے جہاں لبنانی مسلح افواج کو مکمل اختیار حاصل ہوگا جبکہ کسی بھی غیر ریاستی مسلح گروہ یا عنصر کی موجودگی کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیان کے مطابق اس سیکیورٹی فریم ورک کا مقصد لبنان اور اسرائیل کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو پائیدار بنیادوں پر یقینی بنانا ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے غیر ریاستی مسلح گروہوں کی تحلیل اور ان کی دوبارہ تنظیم کی روک تھام کو بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
امریکا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ لبنانی مسلح افواج کی معاونت جاری رکھے گا تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور وہ ریاستی خودمختاری کو مؤثر انداز میں نافذ کر سکیں۔
مشترکہ بیان کے مطابق دونوں ممالک 22 جون سے شروع ہونے والے ہفتے میں سیاسی اور سکیورٹی مذاکرات کا دوبارہ آغاز کریں گے جس کا مقصد ایک جامع اور دیرپا معاہدے تک پہنچنا ہے تاہم امریکا اس پورے عمل میں رابطہ کاری اور سہولت کاری کا کردار بھی جاری رکھے گا۔