جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کی نئی لہر، غزہ اور لبنان میں ہلاکتیں، اسپتال بھی نشانے پر
رپورٹس کے مطابق جبل عامل اسپتال کے اطراف حملوں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے
غزہ اور جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں فضائی حملوں اور گولہ باری سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی غزہ کے علاقے الزوایدہ میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں اور جاں بحق شخص کو علاج اور ضروری کارروائی کے لیے دیر البلح کے الاقصیٰ شہداء اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملے اور توپ خانے کی شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری آبادی مسلسل خطرات سے دوچار ہے۔
دوسری جانب لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ متعدد مقامات پر ڈرون حملوں اور فضائی کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جبل عامل اسپتال کے اطراف حملوں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ عمارت اور قریبی علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ایک اور حملے میں جبشیت کے علاقے میں واقع ایک نرسری کو نشانہ بنایا گیا جہاں دو شامی کارکن ہلاک ہوگئے۔
اسی دوران طول اور انصار کے علاقوں میں ایک موٹرسائیکل اور گاڑی پر ڈرون حملوں میں دو افراد مارے گئے جبکہ کفریصر میں لبنانی سول ڈیفنس کے مرکز پر بھی فضائی حملہ کیا گیا۔ نبطیہ اور گرد و نواح میں متعدد فضائی چھاپوں کی اطلاعات ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔