کرکٹ بدلنے کو تیار، ایک ہی ٹیسٹ میں ریڈ اور پنک بال کے استعمال کی بڑی تجویز سامنے آگئی
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں اننگز کے درمیان وقفہ 20 منٹ سے کم کر کے 15 منٹ کرنے کی تجویز بھی ایجنڈے میں شامل ہے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئندہ اجلاس میں کرکٹ قوانین میں کئی اہم اور ممکنہ طور پر گیم چینجنگ تبدیلیوں پر غور کرنے جا رہی ہے جن میں سب سے نمایاں تجویز ایک ہی ٹیسٹ میچ کے دوران ریڈ اور پنک گیند کے مشترکہ استعمال سے متعلق ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر میچ کے دوران موسم کی خرابی یا روشنی کی کمی کی وجہ سے کھیل متاثر ہو اور فلڈ لائٹس میں کھیل جاری رکھا جائے تو ریڈ بال کو پنک بال سے تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم یہ تبدیلی صرف اس صورت میں ممکن ہوگی جب دونوں ٹیمیں متفق ہوں اور امپائرز اس کی اجازت دیں۔
یہ تجویز بالکل اسی طرز پر ہے جیسے ڈی آر ایس سسٹم کے استعمال کے لیے دونوں ٹیموں کی رضامندی ضروری ہوتی ہے۔
اجلاس میں ایک اور اہم تجویز بھی زیر بحث آئے گی جس کے تحت امپائرز کو ہاک آئی ٹیکنالوجی تک براہ راست رسائی دی جا سکتی ہے تاکہ غیر قانونی بولنگ ایکشن رکھنے والے بولرز کی فوری شناخت ممکن ہو سکے۔ مجوزہ پلان کے مطابق 15 ڈگری سے زائد بازو موڑنے والے بولنگ ایکشن کو میچ کے دوران ہی جانچا جا سکے گا۔
اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں اننگز کے درمیان وقفہ 20 منٹ سے کم کر کے 15 منٹ کرنے کی تجویز بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
ون ڈے کرکٹ کے حوالے سے بھی ایک نئی تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے جس کے تحت ہیڈ کوچز کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں جا کر کھلاڑیوں کو براہِ راست ہدایات دینے کی اجازت دی جا سکتی ہے جیسا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پہلے سے اس کی اجازت موجود ہے۔
اگر یہ تمام تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو امکان ہے کہ یہ نئے قوانین 1 اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوں گے، جو عالمی کرکٹ کے انداز کو نمایاں طور پر بدل سکتے ہیں۔
