قربانی کے جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک پر زارا نور عباس برہم؛ اسٹوری وائرل
اداکارہ نے عیدالاضحیٰ سے قبل جانوروں سے حسنِ سلوک کی اپیل کی ہے
پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے عیدالاضحیٰ سے قبل قربانی کے جانوروں، خصوصاً بکروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال کی اپیل کی ہے۔
اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں مبینہ طور پر کچھ افراد بکروں کو غیر ضروری طور پر زیادہ خوراک کھلاتے دکھائی دیے تاکہ جانور زیادہ صحت مند اور بڑے نظر آئیں۔
انہوں نے اس عمل کو نامناسب قرار دیتے ہوئے لکھا کہ جانوروں کے ساتھ ایسا رویہ کئی حوالوں سے غلط ہے، عوام سے درخواست ہے کہ اگر کہیں ایسا ہوتا دیکھیں تو اسے روکنے کی کوشش کریں اور دوسروں کو بھی اس سے منع کریں۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ قربانی کو محض ایک رسم یا مذہبی فریضہ سمجھ کر ادا نہ کیا جائے بلکہ اس کے اصل مقصد اور جانوروں کی فلاح کو بھی مدِنظر رکھا جائے۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے زارا نور عباس کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کو معمول سمجھ لیا گیا ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
