میدان عرفات سے خطبۂ حج 35 زبانوں میں نشر کرنے کا اعلان
وقوف عرفہ 26 مئی اور عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 بروز بدھ منائی جائے گی
سعودی عرب نے حج 2026 کے سب سے روح پرور مرحلے، وقوف عرفہ کے لیے خطیب حج کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
ادارہ امورِ حرمین شریفین کے مطابق اس سال مسجد نمرہ میں خطبۂ حج دینے کی سعادت مسجد نبوی ﷺ کے جلیل القدر امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی کو حاصل ہوگی۔
اعلان کے مطابق 9 ذوالحجہ 1447 ہجری، بروز منگل 26 مئی کو میدانِ عرفات میں دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام ان کا خطبہ سنیں گے۔ شیخ علی الحذیفی عالمِ اسلام میں اپنی دلنشین قرأت، علمی مقام اور طویل دینی خدمات کے باعث غیر معمولی احترام رکھتے ہیں۔
وہ برسوں سے مسجد نبوی میں امامت و خطابت کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ماضی میں مسجد قبا اور مسجد الحرام میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
دوسری جانب سعودی حکام نے اس سال خطبۂ حج کو عالمی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ خطبہ 35 بین الاقوامی زبانوں میں ترجمے کے ساتھ براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق رواں برس خطبۂ حج اردو، پنجابی اور پشتو سمیت انگلش، فرانسیسی، ترکی، فارسی، روسی، چینی اور دیگر بڑی زبانوں میں بھی نشر کیا جائے گا تاکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمان اپنی زبان میں پیغامِ حج کو سمجھ سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے خطبۂ حج کو دنیا بھر میں لاکھوں افراد تک براہِ راست پہنچایا جائے گا جس سے اسلامی تعلیمات اور حج کے عالمگیر پیغام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ذوالحجہ کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ وقوف عرفہ 26 مئی اور عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 بروز بدھ منائی جائے گی۔
