ٹی 20 سیریز، پاکستان ویمنز ٹیم کا زمبابوے ویمنز ٹیم کے خلاف کلین سوئپ
اس سے قبل قومی ٹیم ون ڈے سیریز میں بھی مہمان ٹیم کو وائٹ واش کر چکی تھی
کراچی کے نیشنل بنک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 123 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی جبکہ اس سے قبل قومی ٹیم ون ڈے سیریز میں بھی مہمان ٹیم کو وائٹ واش کر چکی تھی۔
پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا جو ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کا دوسرا بڑا اسکور ثابت ہوا۔
میچ کی سب سے بڑی جھلک کپتان فاطمہ ثناء کی دھواں دار اننگ رہی، جنہوں نے صرف 15 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تیز ترین ففٹی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ وہ 19 گیندوں پر 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، ان کی اننگ میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
سائرہ جبین نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز اسکور کیے جبکہ عائشہ ظفر نے 45 رنز کی عمدہ اننگ کھیل کر ٹیم کے بڑے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں منیبہ علی نے 22 اور ارمغان جاوید نے 29 رنز بنائے۔ پاکستان ویمن ٹیم نے اپنی اننگ میں 32 چوکے لگا کر ایک نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔
224 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمنز کرکٹ ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار دکھائی دی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں صرف 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
زمبابوے کی جانب سے کیلیس نے 32 رنز کی مزاحمتی اننگ کھیلی جبکہ ایڈل 18 اور مشعل 13 رنز بنا سکیں۔ مہمان ٹیم کی آٹھ بیٹرز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکیں جبکہ تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نشرح سندھونے 2 شکار کیے۔ کپتان فاطمہ ثنا اور رامین شمیم کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
