ایشین چیمپئن پاکستان انڈر 19 کا دورہ انگلینڈ کا شیڈول جاری
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی
ایشین چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ستمبر میں سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں میزبان انگلینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف ایک چار روزہ اور چار ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان انڈر 19 اور انگلینڈ انڈر 19 کے درمیان واحد چار روزہ میچ 2 سے 5 ستمبر تک آرنڈل میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ 9 ستمبر کو آرنڈل میں ہوگا، جبکہ دوسرا ون ڈے 12 ستمبر کو گلڈفورڈ میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کے تیسرے اور چوتھے ایک روزہ میچز 14 اور 16 ستمبر کو ورمزلے میں منعقد ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے دسمبر 2025 میں دبئی میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ اپنے نام کیا تھا۔
گرین شرٹس نے جنوری 2026 میں زمبابوے میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز میں افغانستان اور میزبان زمبابوے کو شکست دے کر ٹائٹل بھی جیتا تھا۔
اس کے علاوہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے رواں سال آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں پانچ میچز کھیلتے ہوئے تین کامیابیاں حاصل کی تھیں۔
