پی سی بی کا بڑا اعلان، صرف 200 روپے میں پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز دیکھیے
تین میچوں پر مشتمل سیریز کے ٹکٹ 22 مئی سے آن لائن اور مختلف شہروں میں فزیکل پوائنٹس پر دستیاب ہوں گے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جس کے بعد کرکٹ شائقین میں جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق تین میچوں پر مشتمل سیریز کے ٹکٹ 22 مئی سے آن لائن اور مختلف شہروں میں فزیکل پوائنٹس پر دستیاب ہوں گے۔ شائقین دوپہر ایک بجے کے بعد پی سی بی ٹکٹ پورٹل کے ذریعے اپنے ٹکٹ بک کر سکیں گے جبکہ فزیکل ٹکٹس نامزد ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے حاصل کیے جا سکیں گے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ شائقین کو اسٹیڈیم لانے کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں انتہائی مناسب رکھی گئی ہیں جن کا آغاز صرف 200 روپے سے ہوگا۔ اس کے ساتھ کارپوریٹ ہاسپیٹیلٹی پیکجز بھی متعارف کرائے گئے ہیں جن کی تفصیلات پی سی بی ہیڈ آفس سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
سیریز کا پہلا ون ڈے 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ 2 اور 4 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔ تمام میچز شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم 2022 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان میں دوطرفہ ون ڈے سیریز کھیلنے آ رہی ہے جس کی وجہ سے شائقین اس سیریز کو خاص اہمیت دے رہے ہیں۔
