پاکستانی ٹائرز امریکا، برازیل، جنوبی افریقا اورمصر کی منڈیوں میں مقبول
جدید چینی ٹیکنالوجی کے استعمال سے مقامی ٹائر صنعت کو عالمی مارکیٹ میں برتری حاصل ہوئی ہے۔
پاکستان کی ٹائر صنعت سے متعلق مثبت اعدادوشمار سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق پاکستان امریکا اور برازیل کو ٹائر برآمد کرنے والے دنیا کے ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق سروس لانگ مارچ ٹائرز پاکستان کی سب سے بڑی ٹائر برآمدی کمپنی بن چکی ہے جو اپنی مجموعی پیداوار کا تقریباً 40 فیصد مختلف ممالک کو برآمد کررہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹائرز امریکا، برازیل، جنوبی افریقہ اور مصر کی منڈیوں میں تیزی سے مقبول ہورہے ہیں جب کہ جدید چینی ٹیکنالوجی کے استعمال سے مقامی ٹائر صنعت کو عالمی مارکیٹ میں برتری حاصل ہوئی ہے۔
انڈسٹری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں ٹرک اور بس ٹائرز کی سالانہ طلب 17 لاکھ یونٹس تک پہنچ چکی ہے جب کہ مقامی صنعت آہستہ آہستہ درآمدی ٹائرز کی جگہ لینے لگی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لانگ مارچ کمپنی کا ٹی بی آر ٹائر مارکیٹ میں 58 فیصد حصہ ہوچکا ہے جو مقامی صنعت کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور پیداواری صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
کمپنی نے 2027 تک اپنی پیداواری صلاحیت 22 لاکھ ٹائرز تک بڑھانے کا منصوبہ بھی تیار کرلیا ہے جس سے برآمدات میں مزید اضافے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ٹائر برآمدات میں اضافہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرنے کا اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے جب کہ مناسب حکومتی پالیسیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستانی ٹائر صنعت عالمی سطح پر مزید مضبوط مقام حاصل کرسکتی ہے۔
