امریکا اور چین دو بڑی طاقتیں، عالمی استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے، صدر شی جن پنگ
چین اور امریکا کے تعلقات میں استحکام پوری دنیا کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے
بیجنگ: امریکی صدر ٹرمپ چین کے تاریخی دورہ میں چینی صدر شی جن پنگ سے وفود کی سطح پر ملاقات کے لیے پیپلز ہال پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور امریکا کو 250 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ چین کے دوران صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں وفود کی سطح پر اہم ملاقات ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، تجارت اور عالمی استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے ڈونلڈ ٹرمپ کا بیجنگ آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین اور امریکا دنیا کی دو بڑی طاقتیں ہیں اور عالمی استحکام دونوں ممالک کا مشترکہ ہدف ہونا چاہیے۔
اس موقع پر صدر شی جن پنگ نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کا حریف نہیں بلکہ شراکت دار بننا چاہیے جب کہ چین اور امریکا کے درمیان مشترکہ مفادات اختلافات سے کہیں زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا کے تعلقات میں استحکام پوری دنیا کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے اور ہم اہم عالمی معاملات پر صدر ٹرمپ کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ میں پرتپاک استقبال پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ کو دنیا کے عظیم رہنماؤں میں شمار کیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا چین کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک مل کر کام کریں گے۔