ٹرمپ کا روس اور یوکرین کے درمیان 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان
روس اور یوکرین جنگ بندی میں توسیع پر بھی آمادہ ہو سکتے ہیں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9، 10 اور 11 مئی کو دونوں جانب سے حملے نہیں ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی میں تمام فوجی کارروائیوں کی مکمل معطلی شامل ہوگی جبکہ روس اور یوکرین ایک ایک ہزار جنگی قیدیوں کا تبادلہ بھی کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی کی درخواست براہ راست روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے کی گئی تھی، انہیں امید ہے یہ پیش رفت طویل اور خونریز جنگ کے خاتمے کی ابتدا ثابت ہوگی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین جنگ بندی میں توسیع پر بھی آمادہ ہو سکتے ہیں، ان کے درمیان جاری جنگ میں بڑی تعداد میں فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور اب یہ خوش آئند بات ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لوگوں کو نہیں ماریں گے۔
انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین جنگی قیدیوں کے تبادلے پر بھی تیار ہو گئے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر وہ اپنی ٹیم ماسکو بھی بھیج سکتے ہیں۔
ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے مزید کہا کہ “آگے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے” ایران کی فوج کمزور ہو چکی ہے۔
