دبئی میں زیر تعمیر بلند عمارت میں آگ بھڑک اٹھی
آف لگنے کے بعد پولیس اور شہری دفاع کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
دبئی مرینا میں زیر تعمیر 50 منزلہ عمارت میں بدھ کی صبح آگ بھڑک اٹھی جسے فائربریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو میں کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی مرینا کے علاقے میں واقع زیر تعمیر عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد پولیس اور شہری دفاع کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ آگ کا دھواں مرینا اور جے بی آر کے اطراف سے بھی واضح طور پر دیکھا گیا۔
شہری دفاع کے مطابق انہیں صبح 7 بج کر 6 منٹ پر ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس کے بعد قریبی فائر اسٹیشن سے عملہ 7 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ درمیانے درجے کی تھی جسے صبح 8 بج کر 51 منٹ تک مکمل طور پر قابو میں کرلیا گیا جب کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
آگ بجھانے کے بعد اب عمارت کو ٹھنڈا کرنے کا عمل جاری ہے جب کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے کیس کو متعلقہ اداروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یہ عمارت دبئی ہاربر کے قریب واقع ہے اور اس کی تعمیر مارچ 2027 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق گرمی کے موسم میں خشک اور گرد آلود ماحول کے باعث آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوجاتا ہے، جہاں معمولی چنگاری بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں شارجہ کی ایک بلند عمارت میں آگ لگنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جس کے بعد بلند عمارتوں میں آگ سے نمٹنے کے لیے جدید طریقہ کار اپنایا جارہا ہے۔