چین کا جامع جنگ بندی پر زور؛ امریکا سے صرف ‘منصفانہ’ معاہدہ ہی قبول ہوگا، ایران
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی
چین نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی جس میں خطے کی تازہ صورتحال، عالمی پیش رفت اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے اور مکمل جنگ بندی ناگزیر ہے۔ خطہ اس وقت ایک نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور تمام فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات ضروری ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران صرف ایک منصفانہ اور جامع معاہدہ قبول کرے گا۔
انہوں نے چین کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیجنگ تہران کا قریبی دوست ہے اور موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک کا تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور کھلی جارحیت ہیں جبکہ تہران اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ عباس عراقچی چینی حکام کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں جو امریکا کے ممکنہ اعلیٰ سطحی دورے سے قبل ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
