آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت کے لیے ایران کا نیا نظام متعارف
ایران پہلے ہی جہاز رانی پر مختلف پابندیاں عائد کر چکا ہے
ایران نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت کو منظم کرنے کے لیے نیا نظام متعارف کرا دیا ہے تاہم یہ اقدام امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئے طریقہ کار کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو خلیج فارس اسٹریٹ اتھارٹی سے منسلک ایک ای میل ایڈریس کے ذریعے ہدایات موصول ہوں گی جن میں آمد و رفت سے متعلق قواعد و ضوابط درج ہوں گے۔
حکام کے مطابق جہازوں کے لیے ان ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا جس کے بعد ہی انہیں گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔
اس اقدام کو ایران کی جانب سے خطے میں بحری ٹریفک پر کنٹرول مزید سخت کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز میں یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ چکی ہے اور ایران پہلے ہی جہاز رانی پر مختلف پابندیاں عائد کر چکا ہے جس کے باعث عالمی تجارتی راستوں پر دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
