لاکھوں نوجوانوں کی زندگی بچانے کیلیے سپارک نے بجٹ میں سگریٹ مہنگے کرنے کی تجویز پیش کر دی

لاکھوں نوجوانوں کی زندگی بچانے کیلیے سپارک نے بجٹ میں سگریٹ مہنگے کرنے کی تجویز پیش کر دی

پاکستان اب خطے کے ان ممالک میں شامل ہو چکا ہے جہاں سگریٹ نسبتاً سستے ہیں

بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم سپارک (سوسائٹی فار دی پروٹیکشن فار دی رائٹس آف دی چائلڈ) نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) میں نمایاں اضافے کی تجویز پیش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپارک کی جانب سے حکومت کو دی گئی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ اگر سگریٹ پر ٹیکس بڑھایا جائے تو قومی خزانے کو 51 ارب روپے تک اضافی آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔ تنظیم نے تجویز دی ہے کہ کم قیمت سگریٹ کے ایک پیکٹ پر کم از کم 35 روپے جبکہ مہنگے سگریٹ کے پیکٹ پر 21 روپے اضافہ کیا جائے۔

سپارک نے ٹیکس کے یکساں نظام کی طرف بتدریج منتقلی پر بھی زور دیا ہے تاکہ سستے اور مہنگے سگریٹ کے درمیان قیمتوں کا فرق کم ہو اور ان کی دستیابی محدود بنائی جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف حکومتی ریونیو بڑھے گا بلکہ تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار نوجوان سگریٹ نوشی شروع کرنے سے بچ سکیں گے، جبکہ 2 لاکھ 70 ہزار افراد کے اس عادت کو ترک کرنے کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔

سپارک کے پروگرام منیجر ڈاکٹر خلیل احمد ڈوگر نے کہا کہ تمباکو نوشی ملک کے صحت کے نظام پر شدید دباؤ ڈال رہی ہے اور ہر سال تقریباً دو لاکھ قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فروری 2023 کے بعد سگریٹ پر ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، جس کے باعث مہنگائی کے باوجود سگریٹ نسبتاً سستے ہو گئے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جب تمباکو مصنوعات پر ٹیکس نہیں بڑھایا جاتا تو یہ عام آدمی، خصوصاً نوجوانوں کی پہنچ میں آ جاتی ہیں۔ ان کے مطابق حالیہ عرصے میں ٹیکس کی شرح میں کمی پالیسی سازی میں خلا کی نشاندہی کرتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اب خطے کے ان ممالک میں شامل ہو چکا ہے جہاں سگریٹ نسبتاً سستے ہیں، جس سے ان کے استعمال میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

ڈاکٹر خلیل احمد ڈوگر نے مرحلہ وار ٹیکس پالیسی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کم قیمت سگریٹ پر زیادہ شرح سے اضافہ اور مہنگے سگریٹ پر مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ضروری ہے تاکہ قیمتوں کا فرق کم ہو اور نوجوان نسل کو اس لت سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ غیر قانونی سگریٹ کی فروخت ایک بڑا مسئلہ ہے، تاہم مؤثر پالیسی سازی کے ذریعے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

سپارک کے مطابق تمباکو پر ٹیکس میں اضافہ نہ صرف عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے بلکہ اس سے حکومتی آمدن میں اضافہ اور نئی نسل کو محفوظ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

Related posts

دنانیر مبین کا بولڈ لُک دیکھ کر مداح سیخ پا

دیکھیں: مکتوم بن محمد نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے اتحاد کی میراث کو اجاگر کیا۔

منگنی یا افواہ؟ جنت مرزا کی وائرل ویڈیو نے مداحوں کو الجھا دیا