ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ٹرمپ کا واضح پیغام
امریکا نے ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، امریکی صدر کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اپنے حالیہ بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ایران جنگ کے خاتمے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایران کی عسکری حیثیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس مؤثر بحریہ، فضائیہ یا جدید ریڈار نظام موجود نہیں جبکہ امریکا بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے۔ سمندر میں ایران کے 159 جہاز تباہ کیے جاچکے ہیں۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کے حامی نہیں ہیں اور انہیں ایسی جنگیں پسند نہیں، ایران کو ایسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ چینی صدر سے ملاقات کے منتظر ہیں اور ان کا ممکنہ دورۂ چین انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔
سپریم کورٹ کے ایک فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف کے معاملے پر عدالت نے غیر مؤثر فیصلہ دیا تاہم نام تبدیل کرنے کے باوجود درآمدی ڈیوٹیز بدستور وصول کی جا رہی ہیں۔
