بھارتی کمپنی پر الزام؛ ایرانی تجارت کے ذریعے امریکی پابندیوں سے بچنے کی کوشش
ایک نئی تحقیق میں ماہرین نے اسے پابندیوں سے بچنے کی کھلی کوشش قرار دیا ہے
ایک بھارتی کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ایرانی پیٹروکیمیکل مصنوعات درآمد کرنے کے لیے دھوکہ دہی پر مبنی راستے اختیار کر کے امریکی پابندیوں سے بچنے کی کوشش کی۔
نجی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ایک منظم کوشش تھی جس کے ذریعے سامان کی اصل کو چھپایا گیا جس سے غیر قانونی تجارت کے بارے میں سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
ایک نئی تحقیق میں ماہرین نے اسے پابندیوں سے بچنے کی کھلی کوشش قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی نے ایران سے 2.6 ملین میٹرک ٹن تیار دانے دار یوریا حاصل کیا مبینہ طور پر اس کھیپ کو عمان کے راستے بھیجا گیا تاکہ اس کی اصل کو چھپایا جا سکے۔
بتایا جاتا ہے کہ جہاز ایم وی انفینٹی اس مبینہ دھوکہ دہی کے عمل کے تحت عمان گیا ماہرین کے مطابق یہ اقدام ایرانی برآمد کنندگان کے ساتھ تجارت پر عائد پابندیوں سے بچنے کے لیے کیا گیا تھا۔
اس لین دین سے متعلق دستاویزات اب آن لائن گردش کر رہی ہیں جس کے بعد مزید تحقیقات شروع ہو گئی ہیں۔
تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ اس بھارتی کمپنی کو ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
