چھاتی کے سرطان کا خطرہ عمر رسیدگی کے ساتھ کیوں بڑھتا ہے؟ اہم وجہ دریافت
تحقیق کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ خواتین کے چھاتی کے ٹشوز میں نمایاں تبدیلیاں جنم لیتی ہیں
ایک انتہائی اہم تحقیق میں سائنس دانوں نے عمر بڑھنے کے ساتھ چھاتی کے کینسر کا خطرہ بڑھنے کی اہم وجہ دریافت کر لی ہے۔
اس نئی تحقیق کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ خواتین کے چھاتی کے ٹشوز میں نمایاں تبدیلیاں جنم لیتی ہیں جس میں خلیوں کی تعداد کم ہونے کے ساتھ ٹشو کی ساخت بدل جاتی ہے اور ایسا ماحول بن جاتا ہے جہاں کینسر کے خلیے زیادہ آسانی سے زندہ رہ سکتے ہیں اور پھیل سکتے ہیں۔
برطانیہ کی یونیورسٹی آف کیمبرج اور کینیڈا کی یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے محققین نے چھاتی کے ٹشوز کا اب تک کا سب سے تفصیلی نقشہ تیار کیا ہے جس میں 30 لاکھ سے زائد خلیوں کا جائزہ لیا گیا اور دیکھا گیا کہ عمر کے ساتھ چھاتی کا ٹشو کیسے بدلتا ہے خاص طور پر مینوپازکے دوران بڑی تبدیلیاں سامنے آئیں۔
اگرچہ نوجوانی یعنی بیس کی دہائی میں بھی کچھ تبدیلیاں ہوتی ہیں ممکنہ طور پر حمل اور زچگی کی وجہ سے لیکن وہ مینوپاز کی نسبت کم ہوتی ہیں یہی وجہ ہے کہ کینسر کے کیسز 50 سال یا اس سے زیادہ عمر میں سامنے آتے ہیں۔

اس تحقیق میں 15 سے 86 سال کی عمر کی 527 خواتین کے نارمل چھاتی کے ٹشو کا تجزیہ کیا گیا جو بریسٹ ریڈکشن سرجری کروا رہی تھیں۔
نتائج کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ چھاتی میں ایپی تھیلیل خلیے (جو دودھ بنانے والی ساخت میں ہوتے ہیں) کم ہو جاتے ہیں اسی طرح امیون خلیے اور اسٹرومل خلیے (جو ٹشو کو سہارا دیتے ہیں) کم ہو جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ دودھ بنانے والی لوبیولس سکڑ جاتی ہیں یا ختم ہو جاتی ہیں فیٹ سیل بڑھ جاتے ہیں اور خون کی نالیاں کم ہو جاتی ہیں۔
بی سیل اور ٹی سیل جو جوانی میں کافی مقدار میں ہوتے ہیں اور کینسر کے خلیوں کو پہچان کر ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں عمر بڑھنے کے ساتھ کم ہو جاتے ہیں اسی طرح ایم ٹو مائیکروف ایجز زیادہ ہو جاتے ہیں، جو کینسر کی نشوونما سے منسلک سمجھے جاتے ہیں یہ تمام تبدیلیاں مل کر ایک ایسا ماحول بناتی ہیں جو سوزش کو بڑھاتی ہے اور کینسر کے پھیلاؤ کو آسان بناتی ہے۔
محققین کے مطابق مینوپاز کے دوران (خاص طور پر چالیس کی آخری دہائی میں) ایک بڑی تبدیلی نوٹ کی گئی جو کینسر کے خطرے میں اضافے سے جڑی ہو سکتی ہے تاہم ہر خاتون میں یہ عمل مختلف رفتار سے ہوتا ہے،اور یہی فرق ان کے کینسر کے خطرے کو متاثر کر سکتا ہے۔
اس تحقیق میں جینیات، نسل اور دیگر عوامل کا تفصیلی جائزہ نہیں لیا گیا لیکن پہلے کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جن خواتین میں جینیاتی خطرہ زیادہ ہوتا ہے،ان کے چھاتی کے ٹشو میں بڑھاپے کی علامات جلد ظاہر ہو سکتی ہیں۔
