صدر ٹرمپ نے ایران کو دباؤ میں لانے کیلیے گینگسٹر کا روپ دھار لیا، تصویر سوشل میڈیا پر شیئر
ناقدین اسے کھلی دھمکی قرار دے رہے ہیں جبکہ حامی اسے سخت سفارتی پیغام سمجھ رہے ہیں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایک بار پھر سخت اور غیر روایتی انداز اپنا لیا جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔
ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک جارحانہ پیغام شیئر کرتے ہوئے ایرانی قیادت کو خبردار کیا کہ وہ فوری طور پر حالات کی سنگینی کو سمجھیں اور جوہری مذاکرات کے معاملے پر سنجیدہ قدم اٹھائیں۔
انہوں نے لکھا کہ ایران نہ تو اپنے مسائل درست کر پا رہا ہے اور نہ ہی اسے ایسے معاہدے کرنے آتے ہیں جو اسے جوہری ہتھیاروں سے دور رکھ سکیں۔
اس پیغام کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی، جس میں ٹرمپ گینگسٹر طرز میں بندوق اٹھائے نظر آتے ہیں اور ساتھ ایک جملہ درج ہے اب مزید نہیں، اچھے ساتھی۔
ناقدین اسے کھلی دھمکی قرار دے رہے ہیں جبکہ حامی اسے سخت سفارتی پیغام سمجھ رہے ہیں۔
پس منظر میں خطے کی صورتحال بھی کشیدہ ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع ہونے والی فضائی کارروائیوں کے بعد تناؤ برقرار ہے اگرچہ پاکستان کی ثالثی سے عارضی جنگ بندی کی فضا بنی تھی۔
ادھر سمندری محاذ پر بھی کشیدگی کم نہیں ہوئی۔ امریکا نے ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بعض تجارتی جہازوں پر پابندیاں برقرار رکھی ہیں جس کے اثرات عالمی منڈیوں میں تیل و گیس کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔
ایران نے حالیہ دنوں میں امریکا کو ایک نئی پیشکش بھی دی مگر ٹرمپ انتظامیہ اس پر مطمئن نظر نہیں آتی۔
موجودہ صورتحال میں ٹرمپ کے بیانات اور علامتی پیغامات یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ واشنگٹن ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی جاری رکھے ہوئے ہے۔
