کے ای وینچرز نے ادیب احمد کو چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا
ادارہ ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے جو کے الیکٹرک کے وسیع نیٹ ورک اور رسائی کے ذریعے دستیاب ہیں، ادیب احمد
کراچی: کے الیکٹرک کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی کے ای وینچرز نے ادارے کی قیادت میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ادیب احمد کو چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا ہے۔
یہ تقرری کراچی میں توانائی کے شعبے کو صرف بجلی کی فراہمی تک محدود رکھنے کے بجائے اسے ایک وسیع اور متنوع خدماتی نظام میں تبدیل کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دی جارہی ہے۔
کے ای وینچرز کو 2020 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ کمپنی توانائی کے مکمل ویلیو چین میں سرمایہ کاری اور خدمات کی فراہمی کے لیے ایک کلیدی پلیٹ فارم کے طور پر کام کررہی ہے۔
کمپنی کی ابتدائی سرمایہ کاری میں کے سولر منصوبہ شامل ہے جس میں 1.3 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی۔ مستقبل کے منصوبوں میں قابلِ تجدید توانائی، تقسیم شدہ بجلی پیداوار، ای-موبیلیٹی، صنعتی انفراسٹرکچر اور خدمات، ٹیکنالوجی حل اور فن ٹیک خدمات شامل ہیں۔
کے ای وینچرز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور کے الیکٹرک بورڈ کے رکن سمیر چشتی نے کہا کہ کے الیکٹرک کا مقصد کراچی کو سستی، قابلِ اعتماد اور مسلسل توانائی فراہم کرنا ہے جب کہ کے ای وینچرز کا کردار اس نظام کو جدید اور مربوط ایکو سسٹم کی طرف لے جانا ہے۔
نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ادیب احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارہ ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے جو کے الیکٹرک کے وسیع نیٹ ورک اور رسائی کے ذریعے دستیاب ہیں۔
ان کے مطابق مختلف صنعتی اور صارفین کے شعبوں میں نئی ٹیکنالوجیز اور جدید خدمات کو شامل کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کے ای وینچرز تجربہ کار شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر ایسے حل متعارف کرائے گا جو کراچی کے توانائی کے مستقبل کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔
