حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ! ایرانی سفیر کا خیرسگالی پیغام
پاک فوج، سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کے اہلکاروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط اور دیرینہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پاکستان دوستی زندہ باد۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ ایرانی وفد کا دورہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر مشاورت کے لیے انتہائی اہم تھا، اس دورے کے دوران باہمی تعاون اور امن کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رضا امیری مقدم نے حکومت پاکستان، پاک فوج اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مکمل سیکیورٹی، تحفظ اور پُرسکون ماحول فراہم کیا گیا، جس پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ پاک فوج، سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کے اہلکاروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں کی مہمان نوازی، صبر اور تعاون کو بھی سراہا۔
