پی ایس ایل 11 فائنل کے ٹکٹس کی فروخت کل سے شروع ہوگی
پی ایس ایل 11 کا فائنل میچ 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
پاکستان سپر لیگ 11 کے فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت 27 اپریل بروز پیر شام 4 بجے سے شروع ہوگی۔
آن لائن ٹکٹس کل سے pcb.tcs.com.pk پر دستیاب ہیں جبکہ فزیکل ٹکٹس 28 اپریل سے لاہور کے 18 مخصوص ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر صبح 10 بجے سے فروخت کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 11 کا فائنل میچ 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
شائقین کو اختتامی تقریب دیکھنے کے لیے شام 6:30 بجے تک اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وی آئی پی انکلوژرز فضل محمود اور عمران خان کے ٹکٹس 6000 روپے جبکہ پریمیم انکلوژرز راجہ اور سعید انور کے ٹکٹس 4000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
اسی طرح فرسٹ کلاس انکلوژرز عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر، جاوید میانداد اور سرفراز نواز کے ٹکٹس 2000 روپے، جبکہ جنرل انکلوژرز حنیف محمد، امتیاز احمد، سعید احمد اور انضمام الحق کے ٹکٹس 1500 روپے سے شروع ہوں گے۔
وی وی آئی پی انکلوژر وقار یونس (اقبال اینڈ) کے ٹکٹس 8000 روپے، ظہیر عباس انکلوژر (جناح اینڈ) کے ٹکٹس 10000 روپے، جبکہ پی سی بی گیلری کے ٹکٹس 12000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
