آٹو سیکٹر سے اہم خبر؛ ٹویوٹا کمپنی نے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا
ٹویوٹا نے گزشتہ 35 برسوں کے دوران پاکستان میں 736 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی
جاپانی موٹر کار کمپنی ٹویوٹا نے آئندہ 5 سالوں میں 300 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے سی ای او انڈس موٹرز علی اصغر جمالی نے بتایا ہے کہ ٹویوٹا نے گزشتہ 35 برسوں کے دوران پاکستان میں 736 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، ہمارے ملک میں بڑی گاڑیوں پر 60 فیصد ٹیکسسز عائد ہیں، ہمارے ملک میں گاڑیوں پر ٹیکسز زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں گلوبل ہیں ان کے لیے اپنا برانڈ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، گزشتہ سال دنیا بھر میں 90 ملین گاڑیاں فروخت کی گئیں جب کہ پاکستان میں صرف 2 لاکھ گاڑیاں فروخت ہوئیں، کوئی بھی کمپنی اپنا برانڈ خراب نہیں کرتی۔
علی اصغر کا کہنا تھا کہ حکومت کو آٹو پالیسی کا اعلان 10 سال کے لیے کرنا چاہیے، پالیسیز دیرپا ہوں گی تو آٹو کی صنعت میں مینوفیکچرنگ میں اضافہ ہوگا، لانگ ٹرم پالیسیز ہوں گی تو ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔
سی ای او نے کہا کہ انڈس موٹرز میں گاڑیوں کے پارٹس 60 فیصد یہاں تیار ہورہے ہیں، دنیا بھر میں الیکٹرونک وہیکل کا مستقبل ہے، پاکستان میں ابھی ای وی گاڑیوں کی چارجنگ کا انفرااسٹرکچر موجود نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پچھلے سال 1 فیصد مارکیٹ شیئر میں اضافہ کیا ہے، شرح سود میں کمی کے بعد آٹو فنانسنگ میں پچھلے 3 سال میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کی پالیسی کے اعلان کے مطابق حکمت عملی ترتیب دے گی اس کے علاوہ کمپنی 6.3 ارب ڈالر ٹیکس کی مد میں ادا کر چکی ہے، مقامی پیداوار کے ذریعے 6.5 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے اخراج کو روکا ہے۔
