جے ڈی وینس چند گھنٹوں میں اسلام آباد پہنچیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
مذاکرات ناکام ہوئے تو کیا صورت حال ہوگی اس پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان میں موجود نیویارک پوسٹ کی نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اپنے وفد کے ساتھ چند گھنٹوں میں اسلام آباد پہنچنے والے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ڈیل ہونے کی صورت میں سینئر ایرانی رہنماؤں سے ملنے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی قیادت ملنا چاہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
انہوں نے مذاکرات کے حوالے کہا کہ امریکا اور ایران کے مذاکرات ہونے والے ہیں، اس مرحلے پر کوئی بھی گیم نہیں کھیل رہا۔
امریکی صدر مزید کہتے ہیں کہ مذاکرات ناکام ہوئے تو کیا صورت حال ہوگی اس پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے سے دستبردار ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کردیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں ”غیر ضروری مطالبات“ کو قبول نہیں کرے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے قطری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کی مذاکراتی پالیسی مکمل طور پر قومی مفادات اور سیکیورٹی تقاضوں کے مطابق طے کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا اور موجودہ مذاکرات کو کسی حد تک ”میدانِ جنگ کا تسلسل“ بھی سمجھا جارہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مذاکرات کے نتائج ایران کے لیے فائدہ مند ہوں تو یہ ایک موقع ہوسکتا ہے لیکن دباؤ یا غیر ضروری شرائط کسی صورت قابل قبول نہیں ہوں گی۔
