پی ایس ایل 11، یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے میں روند کر ٹاپ 2 میں انٹری کر لی
پشاور زلمی 13 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے 25 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے واضح شکست دے دی۔
شہر قائد میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، جس میں رضا ہینڈرکس کے 51 اور جیسن رائے کے 39 رنز نمایاں رہے، جبکہ اعظم خان نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ سمیر منہاس نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ڈیون کونوے 53 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔ کپتان شاداب خان نے بھی 31 رنز بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر آ گئی ہے، جبکہ پشاور زلمی 13 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ دوسری جانب کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
