پاکستانی اداکار کنور ارسلان نے حالیہ گفتگو میں شوبز انڈسٹری اور اداکاری کے پیشے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت کے ساتھ میری سوچ میں نمایاں تبدیلی آئی۔
ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے اداکار کنور ارسلان نے بتایا کہ ابتدا میں مجھے لگتا تھا کہ اداکاری کے لیے زیادہ ذہانت یا علمی صلاحیت کی ضرورت نہیں ہوتی تاہم عملی تجربے کے بعد میرا یہ تاثر بدل گیا، کسی بھی شعبے میں کامیابی کے لیے سمجھ بوجھ اور سیکھنے کا عمل نہایت اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوبز میں مستقل کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں اور میرے نزدیک یا تو انسان اپنے شعبے میں بڑا مقام حاصل کرے جیسے شاہ رخ خان یا پھر کسی اور راستے کا انتخاب کرے کیونکہ درمیانی سطح پر طویل عرصے تک برقرار رہنا مشکل ہو جاتا ہے۔
کنور ارسلان نے مالی پہلو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا ابتدائی مقصد معاشی استحکام حاصل کرنا تھا اور میں بطور اداکار کمائی پر توجہ دیتا رہا لیکن بعد میں مجھے احساس ہوا کہ صرف اداکاری کے ذریعے ہر کسی کے لیے بڑی مالی کامیابی ممکن نہیں ہوتی۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ شوبز انڈسٹری میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کام کر رہے ہیں جن میں سے کئی محدود وسائل کے ساتھ اپنی جگہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے اس شعبے میں جدوجہد ایک عام حقیقت ہے۔