حیدرآباد کنگز مین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے زیر کر لیا
ہدف کے تعاقب میں کنگز مین نے 154 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں حیدرآباد کنگز مین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہدف کے تعاقب میں کنگز مین نے 154 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
فتح کی بنیاد کپتان مارنس لبوشین کی ذمہ دارانہ اننگز نے رکھی، جو 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو کامیابی کی منزل تک پہنچایا۔
ان کے ساتھ صائم ایوب نے 35 اور معاذ صداقت نے 30 رنز کی کارآمد شراکت فراہم کی۔ گلین میکسویل بھی 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ دیگر بیٹرز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کرس گرین اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ ڈیوون کونوے 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ مارک چیمپین نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بیٹرز میں سمیر منہاس 22 اور محمد فائق 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم ٹیم بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہی۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے آصف محمود نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ گلین میکسویل نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔