اقوام متحدہ کی اسلام آباد مذاکرات پر گہری نظر؛ مثبت پیش رفت کی امید
اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ سفارتی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات سے پر امید ہوں۔
انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات چیت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ جنگ کو روکنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ اس سفارتی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور تعمیری انداز اپنائیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ عالمی ادارے اسلام آباد میں جاری مذاکرات کی پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی تہران میں سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔