وائرل ویڈیوز پر بشریٰ انصاری پھر ٹرولنگ کا شکار ہوگئیں
نوجوانوں کی نقل کر کے عمر واپس نہیں لائی جا سکتی، صارفین کی تنقید
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری کی اپنے شوہر اقبال حسین کے ہمراہ چند ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں وہ فوٹو شوٹ کے دوران سیاہ شرٹ اور ٹیولپ شلوار میں ملبوس نظر آئیں جب کہ ایک اور ویڈیو میں انہیں ایک وائرل گانے پر رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ان ویڈیوز کے منظرِعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا مگر زیادہ تر تنقیدی ردِعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے اداکارہ کے انداز کو ان کی عمر کے مطابق مناسب قرار نہیں دیا اور انہیں سنجیدہ رویہ اپنانے کا مشورہ دیا۔
کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ جو افراد انہیں بچپن سے دیکھ رہے ہیں وہ اب بڑے ہوچکے ہیں لیکن اداکارہ کا انداز تبدیل نہیں ہوا جب کہ بعض نے بڑھاپے میں اس نوعیت کے انداز کو غیر مناسب قرار دیا۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کی نقل کر کے عمر واپس نہیں لائی جا سکتی جب کہ بعض افراد نے مذہبی نقطۂ نظر سے بھی ان کے انداز پر تنقید کی۔
یہ ویڈیوز اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہیں اور صارفین کی جانب سے اس پر مختلف آراء کا اظہار کیا جارہا ہے۔
