جنگ بندی کے باوجود بیروت دھماکوں سے لرز اٹھا، اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں افراد ہلاک
ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہوتی، نیتن یاہو
اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے باوجود خطے میں کشیدگی کم نہ ہو سکی، اور لبنان ایک بار پھر شدید فضائی حملوں کی زد میں آ گیا۔
لبنانی سول ڈیفنس کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائیوں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 254 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 1100 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دارالحکومت بیروت شامل ہے، جہاں درجنوں دھماکوں نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق بیروت میں 92 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ جنوبی مضافاتی علاقوں، وادی بقاع، صیدا اور صور سمیت مختلف شہروں میں بھی بھاری جانی نقصان رپورٹ ہوا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بیروت کے مختلف علاقوں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے رہے اور فضا مسلسل دھماکوں سے گونجتی رہی، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسرائیلی دفاعی افواج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اب تک کی سب سے بڑی اور مربوط فوجی مہم تھی، جس میں حزب اللہ کے 100 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب نیتن یاہو نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہوتی، جبکہ وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں سے حزب اللہ کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔
لبنان کی وزارت صحت نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔