مالی ذمہ داریوں میں بڑا سنگ میل، پاکستان نے 1.43 ارب ڈالر قرضے کی ادائیگی مکمل کر لی
تمام ادائیگیاں بیرونی قرضوں کے منظم انتظام کے تحت شیڈول کے مطابق کی گئیں
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے اپنی بیرونی مالی ذمہ داریوں کو بروقت ادا کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1.43 ارب ڈالر کی ادائیگیاں مکمل کر لی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 8 اپریل 2026 کو واجب الادا 1.30 ارب ڈالر کا یورو بانڈ مکمل طور پر اور وقت پر ادا کر دیا، جو عالمی مالیاتی مارکیٹ میں ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
مزید برآں حکومت نے دیگر یورو بانڈز پر 126.125 ملین ڈالر کی کوپن ادائیگیاں بھی کامیابی سے مکمل کر لیں، جس کے بعد آج کی مجموعی ادائیگیاں 1.426 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
خرم شہزاد کے مطابق یہ تمام ادائیگیاں بیرونی قرضوں کے منظم انتظام کے تحت شیڈول کے مطابق کی گئیں، جو پاکستان کے مالی نظم و ضبط اور ذمہ دارانہ طرز عمل کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی مالی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرتا رہے گا، جس سے نہ صرف ملک کی ساکھ بہتر ہوگی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔