مشرق وسطیٰ کشیدگی: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے
امریکی خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر 21 سینٹس کا اضافہ ہوا ہے
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جاری حملوں کے باعث عالمی منڈیوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے جس کے اثرات تیل کی قیمتوں پر واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔
کشیدگی میں اضافے کی خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید مہنگا ہو گیا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر 21 سینٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد یہ 115 ڈالر 59 سینٹس فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح برطانوی خام تیل کی قیمت بھی 1 ڈالر 76 سینٹس بڑھ کر 111 ڈالر 53 سینٹس فی بیرل ہو گئی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں نیچرل گیس کی قیمت 2 ڈالر 79 سینٹس پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ مزید شدت اختیار کرتی ہے تو تیل کی عالمی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے جس کے عالمی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
