ایک رات میں ایران کو ختم کر سکتے ہیں شاید وہ رات کل ہو سکتی ہے، ٹرمپ
ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں اور امریکا اپنے اہداف کے حصول میں کامیابی حاصل کر رہا ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہنگامی نیوز کانفرنس میں ایران کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکا ایک ہی رات میں ایران کو تباہ کر سکتا ہے، اور یہ کارروائی کسی بھی وقت ممکن ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق حال ہی میں امریکی فوج نے ایران کے اندر ایک جرات مندانہ آپریشن کرتے ہوئے ایک امریکی پائلٹ کو بحفاظت نکالا۔
انہوں نے اسے تاریخ کے اہم ترین ریسکیو مشنز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں تقریباً 200 اہلکار شریک تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی طیارے دن کی روشنی میں ایرانی حدود میں داخل ہوئے اور بغیر کسی جانی نقصان کے پائلٹ کو واپس لے آئے۔ ان کے بقول اس پورے آپریشن کا حکم انہوں نے خود دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں اور امریکا اپنے اہداف کے حصول میں کامیابی حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ ڈیل کے لیے امریکی تجاویز نہایت اہم ہیں۔
امریکی صدر کے ان بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین اسے ایک خطرناک موڑ قرار دے رہے ہیں جہاں صورتحال کسی بھی وقت سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے۔
