ڈیم ٹوٹنے سے سیلابی ریلے نے قیامت ڈھا دی، 3 افراد ہلاک، وسیع علاقہ خطرے میں
غیر معمولی موسمی تبدیلیاں اور شدید بارشیں ان تباہ کن واقعات کی بڑی وجہ بن رہی ہیں
روس اور قازقستان میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، جہاں ڈیم ٹوٹنے کے واقعات کے بعد سیلابی صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔
داغستان کے علاقے میں غیر معمولی بارشوں کے باعث گیڈزوخ ریزروائر کا ڈیم اوورفلو ہو کر ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حکام کے مطابق ڈیم ٹوٹنے کے بعد علاقے میں مٹی کے تودے گرنے، چٹانیں کھسکنے اور مزید تباہی کا خطرہ بدستور موجود ہے۔
یہ واقعہ ضلع ڈیربنٹ میں پیش آیا جہاں امدادی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب قازقستان میں بھی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔ دارالحکومت آستانا کے قریب واقع گاؤں سیبنڈی میں ایک اور ڈیم ٹوٹ گیا، جس سے علاقے میں پانی کا بہاؤ بے قابو ہو گیا۔
حکام کے مطابق ضلع کورگلزھیم میں واقع شاپٹی کول ڈیم میں شگاف پڑنے کے بعد تقریباً 200 امدادی اہلکار ڈیم کو مضبوط کرنے اور پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے میں مصروف ہیں۔ اس گاؤں کی آبادی ایک ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ہے، جنہیں ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر معمولی موسمی تبدیلیاں اور شدید بارشیں ان تباہ کن واقعات کی بڑی وجہ بن رہی ہیں، جبکہ حکام نے مزید نقصانات کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
