فضائی ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے پی آئی اے کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور کردیا
متحدہ عرب امارات کا فضائی آپریشن ہفتہ وار 16 پروازوں تک محدود کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد: قومی فضائی کمپنی پی آئی اے پر ایندھن کی قیمتوں میں لگاتار اضافے کا بوجھ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ انتظامیہ نے متعدد بین الاقوامی روٹس معطل کرنے اور تمام رعایتوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کمپنی میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ممکنہ نقصانات کے سدباب کے لیے ایک منصوبہ ترتیب دے دیا گیا ہے۔
پی آئی اے نے تمام ڈسکاؤنٹ ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ اب صرف بچوں اور نوزائیدہ بچوں کو ہی رعایت دی جائے گی۔
پی آئی اے اپنا بیجنگ اور کوالالمپور آپریشن بالترتیب 11 اور 14 اپریل سے معطل کررہا ہے۔ خلیجی ممالک (ماسوائے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب) کی پروازیں بھی اپریل کے آخر تک معطل کی جا رہی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کا فضائی آپریشن ہفتہ وار 16 پروازوں تک محدود کیا جارہا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں چوتھی بار اضافے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قیمتوں کا تمام بوجھ مسافروں پر نہیں ڈالا جا سکتا، اس لیے کچھ سخت انتظامی فیصلے لینے پڑے۔
ترجمان نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی سطح پر ایندھن کی قیمتیں جلد معمول پر آجائیں گی جس کے بعد تمام متاثرہ روٹ بحال کردیے جائیں گے۔
