پاکستان کو دوست ممالک سے 5 ارب ڈالر سے زائد مالی معاونت کی یقین دہانی
پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کا مکمل قرض رواں ماہ واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے
اسلام آباد: پاکستان کو دوست ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالر سے زائد کی مالی فراہمی کی یقین دہانی مل گئی ہے جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملے گی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کا مکمل قرض رواں ماہ واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں 45 کروڑ ڈالر کی پہلی ادائیگی رواں ہفتے کی جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 2 ارب ڈالر کی ادائیگی 17 اپریل کو جب کہ ایک ارب ڈالر کی رقم 23 اپریل کو واپس کرنے کا شیڈول ہے۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کو دو اقساط رواں ماہ اور ایک آئندہ ماہ ادا کرنے کا پلان تھا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر کا قرض 2018 میں جب کہ مزید ایک ارب ڈالر بطور ڈپازٹ 2023 میں حاصل کیا تھا۔
اس کے علاوہ 45 کروڑ ڈالر کا ایک پرانا قرض 1996-97 میں لیا گیا تھا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر قرضوں کی واپسی کے لیے کافی ہیں اور جون تک مجموعی طور پر 4.8 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں تاہم حکومت نے جون تک کی تمام ادائیگیوں کا انتظام بھی مکمل کرلیا ہے۔
