امریکی فوجی برتری کا دعویٰ زمین بوس، ایرانی حملے میں جدید طیارے اور ہیلی کاپٹر ملبے کا ڈھیر
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس آپریشن میں دو سی 130 طیارے اور دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ کیے گئ
خطے میں طاقت کے توازن کو چیلنج کرتے ہوئے ایران نے ایک بار پھر امریکی فوجی برتری کے دعووں کو جھٹکا دے دیا۔ ایرانی حکام کے مطابق صوبہ اصفہان کے قریب ہونے والے ایک خفیہ امریکی ریسکیو آپریشن کو نہ صرف ناکام بنایا گیا بلکہ اس دوران جدید امریکی فضائی اثاثوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی افواج ایک مبینہ طور پر تباہ ہونے والے لڑاکا طیارے کے لاپتا اہلکار کو نکالنے کے لیے کارروائی کر رہی تھیں، تاہم ایرانی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس مشن کو نشانہ بنایا۔
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس آپریشن میں دو سی 130 طیارے اور دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ کیے گئے، جو امریکی فوج کے اہم ترین اور جدید وسائل میں شمار ہوتے ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایران اپنی سرزمین کے دفاع میں مکمل طور پر تیار اور باصلاحیت ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا کی جانب سے اب تک اس واقعے پر خاموشی اختیار کی گئی ہے، جسے تجزیہ کار ایک بڑی سفارتی اور عسکری ناکامی قرار دے رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ دعوے درست نکلتے ہیں تو یہ واقعہ نہ صرف امریکی فوجی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ خطے میں اس کی حکمت عملی پر بھی سوالیہ نشان لگا سکتا ہے۔