اگر معاہدہ نہ کیا تو تباہی کی طرف دھکیل دیں گے، امریکا نے ایران کو 48 گھنٹے دے دیے
ایران کو دی جانے والی 10 دن کی ڈیڈ لائن ختم ہورہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس معاہدہ کرنے اور آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے صرف 48 گھنٹے باقی ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو دی جانے والی 10 دن کی ڈیڈ لائن ختم ہورہی ہے، ایران کے پاس معاہدہ کرنے اور آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے صرف 48 گھنٹے باقی ہیں۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اسے تباہی کی طرف دھکیل دیا جائے گا۔ امریکا ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کررہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے بارے میں کہا کہ وہ بہت کمزور اور ناقابل اعتماد شراکت دار بن چکا ہے جب کہ انہوں نے نیویارک ٹائمز کے بارے میں کہا کہ فیک نیوز کی وجہ سے اس کی سرکولیشن میں کمی ہوچکی ہے۔
یاد رہے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ ایران کی جانب سے امریکی طہارے مار گرانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 7 طیارے گرائے جاچکے ہیں۔
گزشتہ روز ایران نے مختلف واقعات میں امریکی ایئرفورس کا ایف 15 اور ایک اے 10 طیارہ مار گرایا جب کہ 2 مارچ کو کویتی ایئرڈیفنس نے امریکا کے 3 ایف 15 طیارے ’’فرینڈلی فائر‘‘ کے دوران مار گرائے تھے۔
اسی طرح 12 مارچ کو امریکی کا سی 135 ری فیولنگ جیٹ عراق میں گر کر تباہ ہوا تھا، 27 مارچ کو سعودی عرب میں پرنس سلطان ایئربیسن پر حملے میں امریکی فضائیہ ای 3 سینٹری ایئربورن تباہ ہوگیا تھا۔
گزشتہ ماہ ایک اور کارروائی میں ایک امریکی ایف 35 طیارے نے مشرق وسطیٰ میں ایرانی فائر لگنے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
