اسٹاک مارکیٹ لڑکھڑا گئی، سرمایہ کاروں کے اربوں ڈوب گئے
کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 1309 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی
کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ہفتہ وار کاروبار کے دوران مندی کا رجحان غالب رہا اور مارکیٹ مجموعی طور پر دباؤ کا شکار رہی۔
کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 1309 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 151,707 پوائنٹس سے گر کر 150,398 پوائنٹس پر بند ہوا اس دوران مارکیٹ ایک نفسیاتی حد بھی برقرار نہ رکھ سکی۔
ہفتے بھر کے دوران پانچ کاروباری دنوں میں سے تین دن مندی جبکہ دو دن تیزی دیکھنے میں آئی جو مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 157,347 پوائنٹس رہی جب کہ کم ترین سطح 144,656 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جو ہفتے کے دوران 160 ارب روپے گھٹ کر 16,725 ارب روپے تک محدود ہو گئی۔
اسی دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر 2.45 ارب شیئرز کے سودے کیے گئے جن کی مالیت 1140 ارب روپے رہی۔
