حکومت کی پیٹرول بچت پالیسی لاگو ہونے کے بعد بھی تیل کی کھپت میں کمی نہ آئی
مارچ کے آخری 15 دنوں میں پیٹرول کی سیل میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: حکومت کی پیٹرول بچت پالیسی لاگو ہونے کے بعد بھی تیل کی کھپت میں کمی نہ آئی بلکہ سیل میں اضافہ ہوگیا۔
وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق حکومت کی پیٹرول بچت پالیسی لاگو ہونے کے باوجود ملک میں تیل کی کھپت میں کمی نہیں آئی۔ مارچ کے آخری 15 دنوں میں پیٹرول کی سیل میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال مارچ کی نسبت رواں سال 25 فیصد ڈیزل اور 18 فیصد پیٹرول زیادہ استعمال ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈویژن نے تیل کی کھپت میں اضافے سے حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔ خدشات ہیں کہ کچھ لوگ سستے فیول کو ذخیرہ کرنے میں ملوث ہیں۔
سرکاری اداروں کی طرف سے پیٹرول کی کھپت کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
اوگرا سے ذخیرہ اندوزی میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈیلرز کی ملی بھگت کی تفصیلات مانگی گئی ہیں جب کہ ذرائع کہتے ہیں کہ ذخیرہ اندوز سستی پیٹرولیم مصنوعات سے گندم کٹائی سیزن میں منافع کمانا چاہتے ہیں۔