پی ایس ایل 11 کا آج سے آغاز، لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین مد مقابل
افتتاحی میچ آج لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا 11واں ایڈیشن جمعرات، 26 مارچ سے شروع ہو رہا ہے جو 3 مئی تک لاہور اور کراچی میں جاری رہے گا۔
افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور نئی شامل ہونے والی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
لاہور قلندرز، جو گزشتہ چھ ایڈیشنز میں چار بار فائنل کھیل چکی ہے، اپنے گروپ میں کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈی نئے گروپ میں شامل ہیں۔
ہر ٹیم 10 میچز کھیلے گی، جس کے بعد ایک کوالیفائر اور دو ایلیمینیٹرز کے ذریعے فائنلسٹ طے ہوں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 11؛ آسٹریلوی آل راؤنڈر اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل
اس سال پہلی بار فرنچائزز کے لیے الگ الگ انعامات کا اعلان کیا گیا ہے، فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ ڈالر، رنرز اپ کو تین لاکھ ڈالر اور بہترین کھلاڑی تیار کرنے والی فرنچائز کو دو لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کے لیے ٹورنامنٹ جیتنے کی صورت میں پانچ لاکھ ڈالر کا انعام مقرر گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں 44 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں نصف لاہور اور نصف کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ نائٹ میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے جبکہ پہلے میچ کا آغاز 2:30 بجے ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے دوران بابر اعظم 3,792 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جبکہ حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض اور شاداب خان 100 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے اہم باؤلرز ہیں۔
یہ ایڈیشن پی ایس ایل کے نئے دور کا آغاز ہے جس میں راولپنڈی اور حیدرآباد کنگز مین پہلی بار حصہ لے رہے ہیں۔
