پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کے نئے دور کا آغاز، 5G اسپیکٹرم کی نیلامی آج
نیلامی کے بعد بڑے شہروں اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں جلد 5G انٹرنیٹ سروس دستیاب ہونے کا امکان
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں 5G سروس کے آغاز کیلئے اسپیکٹرم کی نیلامی آج کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی اے کے مطابق نیلامی سے نہ صرف 5G سروس متعارف ہوگی بلکہ ملک بھر میں 4G سروسز کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ نیلامی کے بعد بڑے شہروں اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں جلد 5G انٹرنیٹ سروس دستیاب ہونے کا امکان ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 5G اسپیکٹرم کی نیلامی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس مقصد کیلئے 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلام کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کیلئے حتمی انفارمیشن میمورنڈم جاری کر دیا گیا
پی ٹی اے کے مطابق آکشن کا عمل لائیو ہوگا اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی سافٹ ویئر استعمال کیا جائے گا۔ ٹیلی کام کمپنیوں کی موجودگی میں سافٹ ویئر کی ٹیسٹنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
نیلامی کیلئے پیش کیے جانے والے بینڈز میں دو 5G بینڈز شامل ہوں گے جبکہ اس وقت ملک میں مجموعی طور پر 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم دستیاب ہے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ آپریٹرز کیلئے نیلامی میں کم از کم 100 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدنے کی شرط رکھی گئی ہے تاکہ سروس کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
اتھارٹی کے مطابق رائٹ آف وے کی فیس 3600 ہزار روپے سے کم کر کے صفر کر دی گئی ہے جس سے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی بہتری میں مدد ملے گی۔
