اسرائیل کا لبنان پر فاسفورس بموں سے حملہ، ہیومن رائٹس واچ کا اظہار تشویش
جنوبی لبنان میں رہائشی آبادی پر فائر کیے گئے سفید فاسفورس کے گولوں کی سات تصاویر کی تصدیق
اسرائیل کی جانب سے لبنان پر فاسفورس بموں سے حملے کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ہیومن رائٹس واچ نے اظہار تشویش کیا ہے۔
قطری خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے رواں ماہ کے آغاز میں جنوبی لبنان کے رہائشی علاقوں پر سفید فاسفورس استعمال کیا، جو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
مزید پڑھیں: لبنان پر شدید اسرائیلی حملوں میں 52 شہید، ہزاروں افراد کی نقل مکانی
تنظیم کی نئی رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے یوحمر میں رہائشی آبادی پر فائر کیے گئے سفید فاسفورس کے گولوں کی سات تصاویر کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ 3 مارچ کو کم از کم دو گھروں میں آگ لگنے کے شواہد بھی ملے ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ کے لبنان ریسرچر رمزی قیس نے کہا کہ رہائشی علاقوں پر سفید فاسفورس کا استعمال انتہائی تشویشناک ہے اور اس کے شہری آبادی پر سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سفید فاسفورس کے آتش گیر اثرات موت یا ایسے شدید زخموں کا باعث بن سکتے ہیں جو متاثرہ افراد کو زندگی بھر تکلیف میں مبتلا رکھتے ہیں۔
